معروف پاکستانی مارننگ شو میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے واضح کیا ہے کہ اگر آئندہ کسی نے ان کی ذات پر حملہ کیا تو وہ قانونی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کریں گی۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان فنکاروں کو سخت وارننگ دی ہے جو ان پر ذاتی نوعیت کی تنقید کر رہے ہیں۔
کیا عادی اب بھی گہرا دوست ہے؟ فیضان شیخ نے لب کشائی کردی
نادیہ خان نے اپنے فنی سفر کا آغاز اداکاری سے کیا، لیکن انہیں اصل شہرت مارننگ شوز کے ذریعے حاصل ہوئی، جہاں وہ خواتین کے لیے مخصوص موضوعات پر مبنی سیگمنٹس کے ساتھ نمایاں رہیں۔
ان کے پروگرام نے جہاں ناظرین کی توجہ حاصل کی، وہیں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات کی تنقید کا نشانہ بھی بنا۔ حالیہ دنوں میں اس شو کے مختلف پہلوؤں پر فنکاروں کی جانب سے کھلے عام ناپسندیدگی ظاہر کی گئی ہے۔
نادیہ خان نے کس فنکار کو وارننگ دے دی؟
معروف اداکاروں جیسے فیصل قریشی، ثروت گیلانی، بہروز سبزواری اور یاسر حسین نے شو پر تنقیدی رائے دی ہے، جبکہ سینئر اداکارہ صبا فیصل نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں نادیہ خان اور ان کی شریک میزبانوں پر ناراضی کا اظہار کیا۔
ان ردعمل کے بعد نادیہ خان نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کر کے واضح کیا کہ وہ مزید ایسی تنقید کو برداشت نہیں کریں گی۔
نادیہ خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں سخت لہجے میں کہا کہ تمام فنکاروں اور اینکرز کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اگر کسی کو گھر سے تربیت نہ ملی ہو یا وہ چند پیسوں یا شہرت کی خاطر اخلاقیات کو پس پشت ڈال دے، تو وہ اب کسی بھی قسم کے ذاتی تبصرے کی صورت میں قانونی کارروائی سے نہیں ہچکچائیں گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دوبارہ ان پر کوئی ذاتی حملہ ہوا تو وہ نہ صرف کریمنل ڈیفیمیشن بلکہ سِول ڈیفیمیشن اور پیکا قوانین کے تحت کیس دائر کریں گی، جس کے نتیجے میں متعلقہ افراد کو عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑیں گے اور انہیں شرمندگی کا سامنا بھی کرنا ہوگا۔
نادیہ نے یہ بات واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی آخری تنبیہ ہے ۔ آئندہ اگر کوئی بدتمیزی کی حد پار کرے گا تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
نادیہ خان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے منقسم ہے۔ کچھ لوگ ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں اور اسے ذاتی وقار کا تحفظ قرار دے رہے ہیں، جبکہ دوسروں کا کہنا ہے کہ نادیہ خود جب دوسروں پر تنقید کرتی ہیں تو برداشت کی توقع رکھنی چاہیے۔