امریکی گلوکارہ کیٹی پیری نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

0 minutes, 0 seconds Read

لاس اینجلس : پاپ اسٹار کیٹی پیری اور معروف ہالی ووڈ اداکار اورلینڈو بلوم نے اپنی چھ سالہ منگنی کے بعد باضابطہ علیحدگی کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں کے رشتے کے حوالے سے میڈیا اور مداحوں میں چہ مگوئیاں زور پکڑ چکی تھیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق معروف جریدے ’پیپل میگزین‘ کو دیے گئے بیان میں کیٹی پیری اور اورلینڈو بلوم کے نمائندوں نے ان کی علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔

معروف پاپ اسٹار کیٹی پیری کی سہیلیوں سمیت خلا سے واپسی، زمین پر پہنچتے ہی پہلا کام کیا کیا؟

بیان میں کہا گیا، ”اورلینڈو بلوم اور کیٹی پیری کے رشتے کے حوالے سے حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور قیاس آرائیوں کے پیش نظر، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اورلینڈو اور کیٹی نے گزشتہ کئی مہینوں سے اپنے تعلق کو آہستہ آہستہ اس رخ پر لانا شروع کیا ہے کہ ان کی ترجیح صرف اور صرف اپنی ساڑھے چار سالہ بیٹی ڈیزی ڈووکی مشترکہ پرورش پر مرکوز رہے۔“

بیان میں مزید کہا گیا، ”یہ دونوں آئندہ بھی ایک خاندان کے طور پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، کیونکہ ان کی پہلی ترجیح محبت، استحکام اور باہمی احترام کے ساتھ اپنی بیٹی کی پرورش کرنا ہے۔“

اس سے قبل یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ کیٹی پیری اور اورلینڈو بلوم نے اپنی منگنی ختم کرتے ہوئے ایک دوسرے سے راہیں جدا کر لی ہیں۔

دونوں کے درمیان تقریباً نو سال تک وقفے وقفے سے رومانوی تعلق رہا اور تقریباً چھ سال قبل اورلینڈو بلوم نے انہیں منگنی کی پیشکش کی تھی۔

کیٹی پیری اور اورلینڈو بلوم نے 2016 میں ڈیٹنگ کا آغاز کیا۔ ان دونوں کی ملاقات گولڈن گلوب ایوارڈز کی آفٹر پارٹی میں ہوئی تھی۔ یہ جوڑا ایک بار 2017 میں علیحدہ ہوگیا تھا، تاہم اگلے ہی سال دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آگیا۔ بعد ازاں، 2019 میں ان دونوں کی منگنی ہوئی۔

یاد رہے کیٹی پیری اس سے پہلے رسل برانڈ سے شادی کر چکی ہیں۔

اورلینڈو بلوم اس سے پہلے آسٹریلوی ماڈل مرانڈا کیر سے شادی شدہ تھے، جن سے ان کا 14 سالہ بیٹا فلن ہے۔

علیحدگی کے بعد بلوم نے انسٹاگرام پر اداسی، تنہائی اور نئے آغاز سے متعلق پوسٹس شیئر کیں، جو اس جذباتی مرحلے کی عکاسی کرتی ہیں۔

دونوں شخصیات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل میں مشترکہ والدین کی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے اور بیٹی کے لیے ایک محفوظ، محبت بھرا ماحول مہیا کریں گے۔

Similar Posts