پاکپتن اسپتال میں 20 بچوں کی اموات، سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس اسپتال گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read

پاکپتن کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں 20 بچوں کی اموات کے دلخراش واقعے پر بڑی پیش رفت، ضلعی اور صوبائی سطح پر اعلیٰ سطحی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ابتدائی انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد سی ای او ہیلتھ پاکپتن سہیل اصغر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) عدنان غفار کو اسپتال کے میٹنگ روم سے حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس نے دونوں افسران کو موقع پر ہی ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کر لیا اور تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مزید ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔

واقعے کا انکشاف سب سے پہلے آج نیوز کی جانب سے کیا گیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت فوری طور پر متحرک ہوئی۔ چند روز قبل چیف سیکریٹری پنجاب نے اسپتال کا دورہ کیا، اور آج وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈسٹرکٹ اسپتال کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے وارڈ سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔

اسپتال کے دورے کے دوران مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے شکایات بھی کیں۔ وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی انکوائری رپورٹ کے بعد فوری احکامات جاری کیے گئے جن کی روشنی میں گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

Similar Posts