اسپیکر پنجاب اسمبلی کا ریفرنس پارلیمان کی حرمت کی طرف پہلا قدم ہے، طلال چوہدری

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کو گالم گلوچ کا اکھاڑا بنایا جا رہا ہے، دستور گالم گلوچ، گریبان پکڑنے کی اجازت نہیں دیتا، اپوزیشن کے رویے نے اسپیکر کو انتہائی اقدام پرمجبور کیا، پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور گالم گلوچ ناقابل برداشت ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مذکورہ ارکان کے خلاف ریفرنس بھیجا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر ملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کو گالم گلوچ اور گریبان پکڑنے کا اکھاڑا بنایا جا رہا ہے، جبکہ آئین اور قانون اس قسم کے رویوں کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حالیہ ہنگامہ آرائی اور بدکلامی ناقابل برداشت ہے، جس کے باعث اسپیکر کو سخت اقدام اٹھانا پڑا۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مذکورہ ارکان کے خلاف ریفرنس بھیج کر پارلیمان کی حرمت کے تحفظ کی جانب پہلا مؤثر قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غیر جمہوری رویے نے اسپیکر کو انتہائی اقدام پر مجبور کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کے بغیر چلتی رہی، جو قانون سازی کے عمل کا مذاق اڑانے کے مترادف تھا۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وہاں عوام کی فلاح کا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں، کرپشن عروج پر ہے اور صوبے کے عوام بنیادی علاج جیسی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔

طلال چوہدری نے زور دیا کہ جمہوری اداروں کی عزت اور مؤثر کام کے لیے نظم و ضبط اور شائستگی ضروری ہے، ورنہ پارلیمان عوام کی نمائندگی کے بجائے محض ایک تماشہ بن کر رہ جائے گی۔

Similar Posts