خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

0 minutes, 0 seconds Read

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب اور خیبرپختونخوا نے صوبوں کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

خیبرپختونخوا

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق صوبے میں بارشوں اور فلش فلڈ سے 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف بونیر، ملاکنڈ اور مانسہرہ میں حادثات پیش آئے، جاں بحق افراد میں ایک مرد، 2 خواتین اور 2 بچے جبکہ زخمیوں میں 1 بچہ شامل ہے جبکہ حادثات کے دوران ایک گھر منہدم ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ 11 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کر رکھا ہے۔

پنجاب

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ راولپنڈی اور گجرانوالہ میں بوسیدہ عمارات گرنے سے 2 شہری جاں بحق ہوئے، جن میں ایک خاتون اور ایک بچی شامل ہے جبکہ بارشوں کے باعث 2 مخدوش اور کچے مکانات بھی متاثر ہوئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، جاں بحق افراد کے لواحقین کی بھی حکومتی پالیسی کے تحت امداد یقینی بنائی جائے گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا، گزارش ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے بوسیدہ اور خستہ حال مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Similar Posts