ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔

جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

دریائے چناب کے مرالہ اور قادرآباد کے مقامات پر کم درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے جبکہ دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑہ، چترال، ہنزہ اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، شمال مشرقی پنجاب کے پیر پنجال سلسلے سے نکلنے والے نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے جبکہ کیرتھر رینج کے ندی نالوں، آواران، خضدار، جھل مگسی اور موسیٰ خیل میں بھی سیلابی کیفیت کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز بہاؤ والے ندی نالوں، پلوں اور ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں، نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

اتھارٹی نے ہدایت کی کہ حساس علاقوں کے مکین 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی و ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔

تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ محتاط رہیں، محفوظ رہیں اور سرکاری وارننگز پر عمل کریں۔

Similar Posts