محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اہم اور اختراعی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی سرگرمی یا جھوٹی معلومات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پہلی مرتبہ صوبے بھر میں سائبر پٹرولنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، متنازع یا فیک نیوز کی نشاندہی اور روک تھام کے لیے پنجاب آئی ٹی بورڈ (PITB) کا خصوصی پورٹل فعال کر دیا گیا ہے، جہاں سوشل میڈیا مواد کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
اسپیشل برانچ کی رپورٹ پر درجنوں متنازع سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے جبکہ اشتعال انگیز اور گمراہ کن مواد کی تشہیر کرنے والے عناصر کی ٹریسنگ کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر نفرت اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔‘
سیکیورٹی کے حوالے سے بھی بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے کوئیک رسپانس فورس (QRF) تعینات کی جا چکی ہے، جبکہ ہر جلوس کے داخلی راستوں پر خصوصی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ نگرانی کو مؤثر بنایا جا سکے۔ جلوسوں کے اطراف آہنی پائپ نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ شرکاء کو محفوظ ماحول میسر ہو۔
وزیراعلیٰ نے محرم کے دوران ڈرون کیمروں کے استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی قسم کی خفیہ ویڈیو ریکارڈنگ یا سیکیورٹی میں خلل نہ پیدا ہو۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ’واقعہ کربلا ہمیں امن، صبر اور رواداری کا درس دیتا ہے، اور ہم اس مقدس مہینے میں ہر ممکن کوشش کریں گے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔‘ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔