مصر میں دو منی بسوں میں تصادم کے دوران 9 افراد ہلاک اور11 زخمی ہوگئے،حادثہ رنگ روڈ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار منی بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق مصر کے شمالی علاقے میں ہفتے کے روز دو منی بسوں کے درمیان ہونے والے شدید تصادم کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔
وزارتِ صحت کے مطابق یہ حادثہ قاہرہ سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال میں واقع گاؤں بنی سلامہ کے قریب مصروف شاہراہ پر پیش آیا۔
یہ شاہراہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا جان لیوا حادثہ دیکھ چکی ہے۔ اس سے قبل 27 جون کو ایک لاری اور منی بس کے تصادم میں 19 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر نوجوان لڑکیاں شامل تھیں جو روزانہ مزدوری کے لیے سفر کر رہی تھیں۔
صدر عبدالفتاح السیسی نے واقعے کے بعد سڑکوں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ صدارتی دفتر کے مطابق، انہوں نے ہدایت دی ہے کہ مرمت کے تحت سڑکوں کو بند کرنے اور متبادل محفوظ راستے فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔