رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اپوزیشن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک نہیں لاسکتی، ہم نظریے کے لیے لڑ رہے تھے جس کا حشرنشر کردیا گیا، عمران خان کو حقائق نہیں بتائے جارہے، سب اچھا ہے کی رپورٹ دی جاتی ہے، یہ اپنے رویے پر معذرت کریں تو ساتھ نکلوں گا۔
آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے کہا کہ تحریک صرف کہنے سے نہیں چل جاتی، لوگوں کو نکالنے کے لیے کام کرنا ہوتا ہے، ورکرز کو یقین ہونا چاہیئے کہ لیڈر بھی آئے گا۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو حقائق نہیں بتائے جارہے، بانی پی ٹی آئی کو سب اچھا ہے کہ رپورٹ دی جاتی ہے، 26 نومبر کو گولیاں چلائی گئیں، خوف ختم کرنے کے لیے کیا کیا گیا؟ لوگوں کو بتانا ضروری ہے کہ نکلنا کیوں ضروری ہے، یہ اپنے رویے پر معذرت کریں تو میں ساتھ نکلوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں عزت ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی، برے وقت میں بہت کم لوگ ساتھ دیتے ہیں، میں گالم گلوچ دیکھ دیکھ کر تھک گیا ہوں، سوشل میڈیا پر تنقید سے سب بد دل ہوچکے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ہم نظریے کے لیے لڑرہے تھے، نظریے کا حشر نشر کردیا گیا ہے، اپوزیشن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم نہیں لاسکتی۔
مذاکرات کیلئے حتمی فیصلہ عمران خان کا ہوگا، سلمان اکرم راجہ
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حکومت کو عوام کا اعتماد حاصل نہیں، مذاکرات کے لیے حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ہوگا، یہ اقتدار میں کچھ اور اقتدار سے باہر کچھ باتیں کرتے ہیں۔
عمران خان سزا یافتہ مجرم ہیں، ان کیخلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، تحریک عدم اعتماد سے قبل ہی خزانہ خالی کا اعلان ہوگیا تھا، کچھ لوگ اکٹھے ہوکر اسلام آباد پر چڑھائی کرتے ہیں، کچھ لوگ ریاست کے خلاف مہم چلارہے ہیں، پی ٹی آئی کے کچھ لوگ خود ساختہ جلاوطن ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اللہ نے بھارت کے خلاف پاکستان کو بڑی کامیابی عطا کی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمارے فیلڈ مارشل کو دعوت دی، بھارت کے بجائے پی ٹی آئی نے احتجاج کیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان سزا یافتہ مجرم ہیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت مخلوط حکومت ہے، مسائل کے حل کے لیے ہم سب کو مل کرکوشش کرنا چاہیئے، حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والوں کو ویلکم کریں گے، ریاست کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے، ہر ریاست اپنے مفادات کا تحفظ کرتی ہے۔