کراچی: ویگو ڈالے کی ٹکر سے دو نوجوان زخمی، گاڑی جے ڈی سی کے ظفر عباس کے نام پر رجسٹرڈ

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے علاقے انچولی میں تیز رفتار ویگو ڈالے نے گزشتہ رات موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد گاڑی میں سوار افراد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ حادثے کے مقام پر ویگو ڈالے کی نمبر پلیٹ بھی گر گئی۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ویگو ڈالا معروف سماجی تنظیم جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ظفر عباس خود اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ تاہم وہاں موجود نوجوانوں نے الزام عائد کیا کہ ظفر عباس کی ٹیم نے ویڈیو بنانے والے کچھ افراد سے ان کے موبائل فون چھین لیے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی سمن آباد پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جبکہ ظفر عباس نے زخمی نوجوانوں کو فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ظفر عباس نے مؤقف اختیار کیا کہ موٹر سائیکل سوار نوجوان بغیر ہیڈ لائٹ کے جا رہے تھے اور اسی باعث ان کی گاڑی سے ٹکر ہوئی۔

ظفر عباس کا کہنا تھا کہ زخمی نوجوانوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کا مکمل علاج کروایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے وقت گاڑی ان کے دفتر کا ایک لڑکا برف لینے کے لیے لے کر گیا تھا۔

ڈیفنس، نارتھ ناظم آباد اور منگھوپیر میں تین مختلف ٹریفک حادثات

دوسری جانب کراچی کے علاقے ڈیفنس، نارتھ ناظم آباد اور منگھوپیر میں تین مختلف ٹریفک حادثات ہیش آئے۔ لینڈ کروزر اور ٹرکوں کے تصادم میں موٹرسائیکل سوار اور ایک راہگیر خاتون جاں بحق جبکہ ایک ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

ڈیفینس حادثہ فیز ایٹ خیابان رومی میں انتہائی تیز رفتاری کے نتیجے میں پیش آیا، جس سے لینڈ کروزر اور ٹرک کو نقصان پہنچا۔ پولیس اور متعلقہ انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچی، ٹرک اور گاڑی ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری طلب کی گئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق حادثہ لینڈ کروزر اور سی بی سی کچرے کے ٹرک کے درمیان ٹکرانے سے پیش آیا تھا۔

زخمی ڈرائیور کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دونوں گاڑیاں لفٹر کے ذریعے ساحل تھانے منتقل کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب نارتھ ناظم آباد حیدری مارکیٹ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور منگھوپیر کے قریب چھوٹے ٹرک کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

Similar Posts