پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں ملکی سیاسی صورتحال، آئینی حدود میں احتجاج، شفاف انتخابات اور عدلیہ کی آزادی جیسے اہم معاملات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کا دروازہ کبھی بند نہیں ہوتا، بات چیت سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سیاست میں مذاکرات کا عمل کبھی رکتا نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ تمام معاملات آئینی دائرے میں رہ کر حل ہوں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ احتجاج آئین اور قانون کے دائرے میں ہوگا اور آئین کی بحالی، عدلیہ کی آزادی اور شفاف انتخابات جیسے قومی نوعیت کے معاملات پر سنجیدہ گفتگو ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف بات چیت کافی نہیں، مذاکرات کا کوئی نتیجہ بھی نکلنا چاہیے تاکہ ملک کسی سیاسی بحران سے نکلے۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات ہمیشہ سے متنازع رہے ہیں کیونکہ وہاں خفیہ ووٹنگ کا نظام رائج ہے، جس پر شکوک و شبہات رہتے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ان کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ حقیقت پر مبنی ہے اور ہم اسی مؤقف کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحریک انصاف بات چیت اور سیاسی عمل کے ذریعے حل چاہتی ہے، کیونکہ یہی جمہوری طریقہ ہے۔