مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خرم دستگیر نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے الزامات کا مؤثر جواب دیا ہے اور عالمی سطح پر اپنا مؤقف کامیابی سے پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا بیانیہ دنیا میں ناکام ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایکشن لے کر دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خرم دستگیر نے آج نیوز کے پروگرام نیوز انسائٹ ود عامر ضیا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا دہشت گردی سے متعلق بیانیہ اب دنیا میں پٹ رہا ہے، جبکہ پاکستان نے دنیا کے سامنے خود کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا پرانا الزام پاکستان نے پہلے ہی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) میں بھگتا، مگر ہم نے اندرونی دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے اور اپنا مقدمہ کامیابی سے لڑا۔
خرم دستگیر کے مطابق بھارت نے خود پاکستان میں دہشت گردی کرانے کا اعتراف کیا ہے اور غیرذمہ دارانہ طریقے سے جنگ لڑنے کی کوشش کی، لیکن پاکستان نے ہر فورم پر امن کی بات کی اور ثابت کیا کہ ہم خطے میں استحکام چاہتے ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا مقدمہ بڑی قابلیت سے عالمی سطح پر پیش کیا، تاہم ان کے حالیہ بیانات ان کی پارٹی کی پالیسی ہو سکتے ہیں، نہ کہ حکومت پاکستان کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اب ہر بات پر صفائی دینا بند کر دینی چاہیے، کیونکہ ہمارا دفاع ہم دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں کرچکے ہیں۔ خرم دستگیر نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسپیکر پنجاب اسمبلی سے معذرت کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بڑی سیاسی تبدیلی کی اطلاع نہیں اور کے پی میں گورنر راج کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔