پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی، انڈیکس میں 1 لاکھ 34 ہزار کی نئی سطح چھو گیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز ابتدائی گھنٹوں میں فروخت کے دباؤ کے بعد ایک بار پھر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گیا، اور مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔

دوپہر 1 بج کر 35 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 605.43 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 33 ہزار 975.57 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 0.45 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ کچھ دیر بعد 700 پوائنٹس اضافے کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 34 ہزار کی نئی سطح چھو گیا۔

مارکیٹ میں آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکس، سیمنٹ، آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) اور پاور جنریشن کے شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔ اہم اور انڈیکس پر اثرانداز حصص جیسے ہبکو، ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل سبز نشان میں ٹریڈ کر رہے تھے۔

اس سے قبل پیر کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی کا سلسلہ جاری رہا، جہاں مضبوط کارپوریٹ آمدنی کی توقعات، تجارتی خدشات میں کمی اور بہتر معاشی اشاریوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو سہارا دیا۔

پیر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1,421 پوائنٹس یعنی 1.08 فیصد اضافے کے ساتھ 133,370 کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا، جو ملکی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کی نئی بلندی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے، بشرطیکہ سیاسی استحکام اور معاشی بہتری کا سلسلہ جاری رہے۔

Similar Posts