تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پارٹی بانی کی رہائی اور مینڈیٹ کی واپسی اولین مطالبات ہیں اور پی ٹی آئی بانی کی ہدایت پر ہی چلے گی۔ آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ملک گیر پرامن احتجاج کی تیاریوں کا عندیہ بھی دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے آج نیوز کے پروگرام ”نیوز انسائیٹ وِد عامر ضیا“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور بانی پارٹی ایک ہی پیج پر ہیں اور تحریک انصاف بانی کی ہدایات کے مطابق ہی چلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سب سے بڑے رہنما اس وقت سب سے بڑی قربانی دے رہے ہیں۔
علی محمد خان نے کہا کہ پارٹی میں احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں اور پرامن احتجاج کو ملک بھر میں پھیلانے کا ارادہ ہے۔ ان کے بقول احتجاج کا مقصد معنی خیز مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے، تاہم اگر بات چیت کا راستہ بند رہا تو سڑکوں پر آنے کا آپشن موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا نعرہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے، دوسرا مطالبہ مینڈیٹ کی واپسی ہے، جبکہ تمام اسیران کی رہائی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ عوام نے ایک لیڈر کو منتخب کیا، لیکن ان کے مینڈیٹ کو چرا لیا گیا۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور یہ حکومت وہ ہے جو اپنی نشستیں ہارنے کے باوجود اقتدار میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ ساتھ پنجاب نے بھی سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور فسطائیت کا سب سے زیادہ شکار پنجاب ہی ہوا ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ جب پنجاب نکلے گا تو بانی پی ٹی آئی بھی نکلیں گے اور رجیم چینج کے وقت جنہوں نے پارٹی کو چھوڑا، انہوں نے دراصل دھوکہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو پاکستان آنے کا پورا حق حاصل ہے۔