عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں آج اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں اضافے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
آل صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 54 ہزار 700 روپے ہو گئی۔
اس کے علاوہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 744روپے بڑھ کر 3 لاکھ 4 ہزار 098 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 10 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 851 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 8 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 301 روپے کی سطح پر آگئی
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 32 ڈالر اضافے کے بعد 3 ہزار 324 ڈالر کا ہو گیا۔
گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باعث ملک میں فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ہوئی تھی جبکہ منگل کو سونے کی قیمت میں ایک ہزار 500 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔