ملک بھر میں مون سون بارشوں سے اب تک کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟ تفصیلات آگئیں

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے 9 جولائی تک ہونے والے جانی نقصانات کی تفصیلات جاری کردیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران ملک بھر میں مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 87 تک جاپہنچی جبکہ 149 افراد زخمی ہوگئے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 14 بچوں سمیت 30 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 30 افراد زخمی ہوئے۔

پنجاب میں 29 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 15 بچے، 4 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں جبکہ 77 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ سندھ میں 16، بلوچستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، سب سے زیادہ جانی نقصان فلیش فلڈنگ کے باعث ہوا۔

پنجاب اور بلوچستان میں برسات کے دوران حادثات میں 17 افراد جاں بحق

ملک میں طوفانی بارشیں جاری ہیں، پنجاب اور بلوچستان میں برسات کے دوران حادثات میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ملک میں بارشوں کا طوفانی اسپیل جاری ہے، پنجاب اور بلوچستان میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث حادثات کے دوران کئی افراد جانیں گنوابیٹھے۔

شیخوپور میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، وہاڑی میں بھی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔

اوکاڑہ میں ہونے والی بارش کے دوران 3 مختلف مقامات پر چھتیں اور دیواریں گرنے کے نتیجے میں خواتین بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ اٹک اور بھکر میں بھی حادثات کے دوران 10افراد زخمی ہوگئے۔

ڈیرہ غازی خان میں بارش کےدورن کرنٹ لگنے اور آسمانی بجلی سے 3 افراد جان گنوا بیٹھے۔

بلوچستان میں بارش کے دوران سیلابی ریلوں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 10 افراد جاں بحق ہوئے، خضدار، بارکھان، موسی خیل، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، زیارت میں حادثات پیش آئے۔

لاہور میں طوفانی بارش سے چھتیں اور درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق

لاہور میں صبح سے ہونے والی طوفانی بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔

نشتر کالونی چھت گرنے سے 50 سالہ بشیر جاں بحق اور 42 سالہ نبیلہ بی بی، 22 سالہ طاہرہ بشیر زخمی ہوگئی، ریلوے اسٹیشن کے قریب مکان کی چھت گرنے سے دو سالہ زینب جان کی بازی ہار گئی جبکہ 25 سالہ بشریٰ بی بی، 45 سالہ افضل اور 4 سالہ عبدالوحید زخمی ہوئے۔

اچھرہ میں بھینسوں کے باڑے کی چھت گرنے سے 32 سالہ رفاقت اور 45 سالہ احسن زخمی ہو گئے جبکہ اندرون ٹیکسالی گیٹ میں گھر کی چھت گرنے سے 60 سالہ راشدہ بی بی زخمی ہوئیں۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق تمام زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مال روڈ کے قریب ظفر علی توڈ پر درخت گرنے سے راہ گیر 42 سالہ حارث ہلاک ہوگیا۔

لاہور اسلام پورہ میں زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک منصوبہ مکمل نہ ہونے کے باعث بارش کی وجہ سے سڑک میں شگاف پڑگیا، کھبے اور درخت کرنے سے علاقے میں گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں مگر واسا اور لیسکو کا عملہ غائب ہے۔

بارش کے باعث اسپتالوں میں پانی جمع ہوگیا، لاہور جناح اسپتال اور میو اسپتال میں مختلف وارڈز کی چھتیں ٹپکنے لگیں، ان اسپتالوں کی چند ماہ پہلے ری ویمپنگ کی گئی تھی۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بارشوں سے جل تھل ایک ہوگیا

سندھ کے مختلف شہروں میں بارشوں سے جل تھل ایک ہوگیا، آزاد کشمیر میں بھی مون سون بارشیں وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں سے نظام زندگی شدید متاثر ہوگیا، کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

فیصل آباد، حافظ آباد، گجرات، نارووال میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، شیخوپورہ میں برسات سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔

پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کوالرٹ جاری کردیا۔

حیدرآباد، جیک آباد، دادو، لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

کشمور میں دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، آئندہ 24 گھنٹے میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کی پیشگوئی گئی ہے۔

بلوچستان کے ضلع بارکھان، سبی، نصیرآباد میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ آزاد کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہے گا۔

Similar Posts