اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دن پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو بانی تحریک انصاف سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ، علی خان جدون، نواز الہی، گلریز اقبال، ساجد حسین اور دیگر رہنما ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے لیکن انہیں داہگل ناکے پر روک دیا گیا اور ملاقات کی اجازت نہ دی گئی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات کی اجازت نہ دی جانا افسوسناک ہے اور یہ ملک میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
عمران خان سے ملاقات کیلئے آئے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اجازت نہ مل سکی
انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی کے کارکنوں سے اتنا ڈر کیوں محسوس کیا جا رہا ہے۔
ایم این اے علی خان جدون نے کہا، ”بانی ایک سیاسی شخصیت ہیں اور انہوں نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ مسئلہ یہ ہے کہ مذاکرات کسے سے کیے جائیں۔ اگر حکومت کے پاس اختیار ہوتا تو ہم ان سے مذاکرات ضرور کرتے۔“
مزید برآں، ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ وہ صبح ساڑھے 10 بجے سے یہاں موجود ہیں اور بانی کے صاحبزادوں کو اپنے والد سے اظہار یکجہتی کے لیے ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کس حیثیت میں بانی کے اہل خانہ کو گرفتار کرتی ہے۔ اینکر پرسن علینہ شگری کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بانی کے حکم پر تمام کارکن ایک صفحے پر ہیں اور ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔