سانحہ سوات سے متعلق قائم انکوائری کمیٹی مقررہ ڈیڈ لائن میں تحقیقات مکمل نہ کرسکی، حکومت نے کمیٹی کو 7 روز میں رپورٹ مرتب کرکے جمع کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق سانحہ سوات کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیٹی مقررہ 7 روزہ ڈیڈلائن میں رپورٹ مکمل نہ کر سکی، تحقیقاتی عمل جاری ہے اور رپورٹ آئندہ 2 سے 3 روز میں جمع کرا دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق انکوائری کے دوران سوات ریسکیو، آبپاشی، ریلیف، پی ڈی ایم اے، ٹی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے 50 سے زائد افسران اور اہلکاروں کے بیانات قلم بند کیے گئے۔
تحقیقاتی ٹیم مختلف محکموں کی کارکردگی اور غفلت کے پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ سانحہ کی تحقیقات کے لیے مجموعی طور پر تین الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ 27 جون کو دریائے سوات میں آنے والے اچانک سیلاب میں 10 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے حکومت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔