این ڈی ایم اے نے 12 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور آندھی کا الرٹ جاری کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید بارش اور آندھی کا الرٹ جاری کردیا، شمالی علاقہ جات میں گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے جبکہ ہنزہ، شگر، ضلع گانچھے اور چترال کے دریاؤں کے قریب رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور شمالی علاقہ جات میں گلف کا الرٹ جاری کردیا، الرٹ کے مطابق شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور ممکنہ بارشوں کے باعث گلیشیائی علاقوں میں گلف کا خطرہ بڑھ گیا، ہنزہ، شگر، گانچھے اور چترال کے دریاؤں کے قریب رہائشی محتاط رہیں۔

الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، جی بی ڈی ایم اے اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول میانولی، خوشاب، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال،ملتان، بہاولنگر کے ملحقہ علاقوں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع بارش کا امکان ہے، ژوب، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، زیارت، ڈیرہ بگٹی بارش ہوسکتی ہے، بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات کردیں۔

پنجاب بھر میں مون سون بارشیں 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ مون سون بارشیں پنجاب بھر میں مون سون کی یہ بارشیں 13 جولائی تک جاری رہیں گی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں بادلوں کا راج ابھی برقرار رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے

لاہور میں آج مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسے، جس کے بعد گرمی اور حبس کی شدت میں واضح کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، فیروزپور روڈ، کلمہ چوک، کینال روڈ، مال روڈ، انارکلی، جیل روڈ، گلشن راوی، اسلام پورہ اور سبزہ زار سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں بادلوں کا راج ابھی برقرار رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار10کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

Similar Posts