وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بین الاقوامی ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کی انٹرنیشنل مارکیٹس کے صدر جیمز ڈونگ کی قیادت میں 6 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے ملک میں ای کامرس کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی تاکہ علی بابا جیسے پلیٹ فارمز پر پاکستانی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس وقت علی بابا گروپ پر تین لاکھ سے زائد پاکستانی مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات فروخت ہو رہی ہیں، جنہیں عالمی مارکیٹ میں مزید وسعت دینے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
جیمز ڈونگ نے پاکستانی کاروباری برادری کے عالمی ای کامرس میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ علی بابا کے پلیٹ فارم پر پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی سب سے زیادہ مانگ اور فروخت ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں کی تعداد بڑھانے کے لیے ای کامرس میں تکنیکی تربیت فراہم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیمِ نو کا اجلاس
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی تنظیم نو پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پی این ایس سی کو عالمی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کے لیے جامع منصوبہ طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ شپنگ شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مکمل پلان مرتب کیا جائے تاکہ بحری جہازوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکے۔ مزید برآں، وزیراعظم نے شعبے کے ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو عالمی معیار کی کمپنی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی این ایس سی کی اصلاحات سے نہ صرف قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ مقامی سی فیررز کے لیے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے، جس سے ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔