خیبر پختونخواہ اسمبلی میں حکومتی ارکان نے وزیراعلی سے کابینہ میں منتخب ارکان کو شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر منتخب ارکان کی شمولیت پر بھرپور مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعلی سہیل آفریدی کی زیر صدارت اسمبلی میں ہوا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وزیراعلی کو بتایا کہ ارکان اسمبلی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئے ہیں اور کابینہ میں غیر منتخب لوگوں کو شامل کرنا منتخب ارکان کے ساتھ ناانصافی ہے۔
اراکین نے کہا کہ مزمل اسلم کے علاوہ کسی غیر منتخب شخص کو کابینہ میں شامل نہ کیا جائے، منتخب نمائندوں میں سے جس کو چاہے کابینہ میں شامل کرے کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
وزیراعلی سہیل آفریدی نے اراکین اسمبلی کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا ہے کہ کابینہ کا حتمی فیصلہ بانی چیئرمین کو کرنا ہے۔