انسانی اسمگلنگ کیس: صارم برنی کی درخواست ضمانت اسپیشل کورٹ میں منتقل

0 minutes, 0 seconds Read

سٹی کورٹ کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت نے بچوں کی بیرون ملک منتقلی اور دستاویزات میں مبینہ ردوبدل سے متعلق مقدمے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے دائر کی گئی درخواست منظور کر لی ہے۔

عدالت نے مقدمہ اور معروف سماجی کارکن صارم برنی کی درخواست ضمانت کو اسپیشل کورٹ منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر محمد فیصل اور صفائی کے وکیل راجہ واحد علی و قادر حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ قانونی ترمیم کے بعد اس نوعیت کے مقدمات سننے کا اختیار اب اسپیشل کورٹ کو حاصل ہے، لہٰذا اس عدالت کے پاس درخواست ضمانت کی سماعت کا اختیار نہیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے میں باقاعدہ کارروائی سے قبل دائرہ اختیار کا تعین ضروری ہے، جس پر عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس اسپیشل کورٹ کو بھیج دیا۔

یاد رہے کہ صارم برنی کو 13 ماہ قبل کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بعض بچوں کی بیرون ملک منتقلی کے لیے مبینہ طور پر دستاویزات میں جعل سازی کی تھی۔

Similar Posts