کراچی کے علاقے لیاری میں مخدوش عمارت گرنے معاملے میں بغدادی پولیس کی نفری ایس بی سی اے دفتر پہنچ گئی ہے، پولیس کی جانب سے مختلف عمارتوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
لیاری میں حالیہ دنوں میں گرنے والی مخدوش عمارت کے معاملے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ بغدادی پولیس کی نفری سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پہنچ گئی ہے اور مختلف عمارتوں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ان عمارتوں کا ریکارڈ مانگا ہے جو ممکنہ طور پر خطرناک حالت میں تھیں یا جن کی تعمیرات یا منظوری مشکوک طریقے سے کی گئی تھیں۔
لیاری میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے متعلق مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں
کراچی کے علاقے لیاری میں مخدوش عمارت کو گرانے کا عمل جاری، ملحقہ عمارت سیل
مزید بتایا گیا ہے کہ گرنے والی عمارت سے متعلق کیس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعدد افسران مفرور ہیں۔ تاہم تاحال کسی بھی افسر یا ذمہ دار فرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی کارروائی کا مقصد ریکارڈ حاصل کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کو آگے بڑھانا ہے۔
یاد رہے کہ لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، اور شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص تعمیرات اور کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔