پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی سے مہنگائی میں مزید کمی آئے گی اور عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔
نواز شریف نے کہا کہ ملک کی معیشت میں بہتری کے مثبت اثرات عوام کی زندگی پر بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی مستقل پالیسیوں اور معاشی اقدامات کے باعث مہنگائی پر قابو پایا جا رہا ہے، اور یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
نواز شریف نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی سطح پر پارٹی اجلاس بلائیں تاکہ عوامی ریلیف کے اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا جا سکے۔