کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی اور بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ شہر کے تین بڑے مقامات سخی حسن، کالا پل اور گھارو پمپنگ اسٹیشن پر شہری سڑکوں پر نکل آئے، جس کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہو گیا۔
سخی حسن پمپنگ اسٹیشن پر علاقہ مکین پانی اور بجلی کی بندش سے تنگ آ کر سڑکوں پر نکل آئے۔ مشتعل مظاہرین نے احتجاج کے دوران مرکزی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں پانی فراہم نہیں کیا جا رہا جبکہ واٹر ٹینکرز کو باقاعدگی سے پانی دیا جا رہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔
ادھر کالا پُل پر بھی شہریوں نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ڈیفنس اور کورنگی جانے والی اہم شاہراہ کو بند کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی تصدیق کے الیکٹرک کے ترجمان نے بھی کی۔
ترجمان کے مطابق اسٹیشن پر ایک تکنیکی خرابی (فالٹ) کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔
کے الیکٹرک کا عملہ فالٹ درست کرنے میں مصروف ہے، جیسے ہی فالٹ درست ہو گا بجلی بحال کر دی جائے گی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی میں پانی اور بجلی کی بندش ناقابل برداشت ہے اور متعلقہ ادارے مسائل کے حل میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔