پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری سہولت کا معاہدہ
پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری سہولت کا معاہدہ طے پاگیا ہے جب کہ دونوں ممالک نے سیکیورٹی، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
ہفتے کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے معاہدے پر دستخط کیے جب کہ معاہدے کے تحت پاکستان اور سوڈان کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں ویزا کے بغیر داخلے کی سہولت حاصل ہوگی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ویزا فری سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور سرکاری وفود کے تبادلے مزید آسان ہوں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ معاہدے سے پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری سطح پر روابط بڑھانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے کہا کہ ویزا فری معاہدے سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا جب کہ دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے سیکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جب کہ سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا ملک سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوڈان میں نادرا کے تعاون سے 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سول رجسٹریشن کے عمل میں آئندہ بھی تعاون کے لیے نادرا ہمہ وقت تیار ہے۔
سوڈانی وزیر داخلہ کے استفسار پر محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے جب کہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے استفادہ کرسکتے ہیں اور انہیں صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ این پی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔