نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 11 سے 17 جولائی تک بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے پر الرٹ جاری کر دیا۔
پنجاب کے اضلاع بشمول جہلم، چکوال، سرگودھا، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گوجرات، فیصل آباد اور نارروال میں شدید بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ڈی جی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں پہاڑی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ پیر پنجال رینج سے نکلنے والے نالوں میں برساتی پانی کے بہاؤ اضافے کے باعث شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، نوشہرہ، پشاور، مردان، بونیر، وزیرستان و دیگر علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث اچانک سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔
دریائے کابل، دریائے سوات، پنجکورہ اور کلپانی نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں سیلابی صورتحال جب کہ بلوچستان کے علاقوں زیارت، کوئٹہ، مستونگ، قلات، خضدار، لورالائی، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی و دیگر میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ عوام ندی نالوں میں بہاؤ کے اضافے کے پیش نظر محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال سے متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کے لئے مشینری تیار رکھیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔
این ڈی ایم اے نے ایک ہی روز میں بارشوں کا دوسرا الرٹ جاری کردیا
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے ایک ہی روز میں بارشوں کا دوسرا الرٹ جاری کردیا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
ملک بھر میں طوفانی بارشیں جاری ہیں، این ڈی ایم اے کی جانب سے ایک ہی روز میں دوسرا الرٹ جاری کردیا گیا، پاکستان کے شمالی علاقہ جات گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، دیامر، گانچھے اور شگر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ، ہویلی اور باغ میں بھی شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق اپر کوہستان ، دیامر و استور روڈ کے علاقے ممکنہ لینڈ سلائیڈ کی زد میں ہوں گے جبکہ گلگت روڈ اور نگر روڈ میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے، شاہراہ قراقرم کے متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ جگلوٹ اسکردو روڈکے مختلف مقامات، خصوصاً روندو کے ملحقہ علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کو ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کے لئے مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کردی۔