امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سیلاب سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کا دورہ اس وقت متنازع بن گیا جب انہوں نے ایک صحافی کے سوال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اُسے ”انتہائی شیطان صفت شخص“ قرار دے دیا۔
واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کرفل میں قائم ایمرجنسی آپریشنز سینٹر میں صدر ٹرمپ سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لے رہے تھے اور مقامی حکام و امدادی اہلکاروں سے ملاقات کر رہے تھے۔
ٹرمپ کا کینیڈا پر تجارتی دباؤ میں اضافہ، درآمدات پر 35 فیصد نیا ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان
اس دوران ایک صحافی نے صدر سے پوچھا کہ آیا اگر بروقت انتباہی اقدامات کیے جاتے تو کیا جانیں بچائی جا سکتی تھیں؟ اس پر صدر ٹرمپ نے پہلے کہا، ’میرے خیال میں سب نے صورتحال کے مطابق شاندار کام کیا‘۔
تاہم فوراً بعد صدر نے سوال کرنے والے رپورٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’صرف ایک برا انسان ہی ایسا سوال پوچھ سکتا ہے، اور صرف ایک بہت ہی شیطان صفت شخص ایسا سوال اٹھا سکتا ہے۔‘
اس تلخ جملے بازی کے فوراً بعد صدر نے ایک حامی میڈیا ادارے ”ریئل امریکا وائس“ کے نمائندے سے سوال لیا، جس نے ان کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا: ’یہ ایک اچھا رپورٹر ہے، یہ ایک اچھا سوال ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ریسکیو ٹیموں اور مقامی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’یہ لوگ جو لاپتہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں، ان کا کام ناقابلِ یقین ہے۔ کوئی اور اس سے بہتر کام نہیں کر سکتا۔‘
خیال رہے کہ ٹیکساس میں آئے سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران اب تک کم از کم 129 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 170 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ یہ المناک حادثہ جولائی کی چوتھی تاریخ کے اختتام ہفتہ پر ٹیکساس کے ”ہِل کنٹری“ علاقے میں پیش آیا، جب طوفانی بارشوں کے بعد شدید سیلاب نے پورے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا، ’ہم بہت سے قیمتی بچوں کو کھو چکے ہیں، یہ ایک ناقابل تلافی سانحہ ہے۔‘ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی انتظامیہ ریاست ٹیکساس کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔
بھارتی معیشت کو بڑا جھٹکا، امریکا کیساتھ تجارت پر 10 فیصد ٹیرف عائد ہوگا
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری فیڈرل ایمرجنسی ایجنسی (FEMA) کے پاس اچھے اور قابل لوگ موجود ہیں جو صورتحال کو سنبھالنے کے لیے سرگرم ہیں۔‘
صدر ٹرمپ کا غصے سے بھرپور ردعمل اس نازک موقع پر اُن کے روایتی اندازِ قیادت کی عکاسی کرتا ہے، جہاں وہ تعریف کے جواب میں نرم رویہ رکھتے ہیں لیکن تنقید یا سخت سوالات پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔