کراچی شہر کی معروف جامعات، جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے اطراف منشیات فروشی کا غیرقانونی کاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے۔ علاقے میں کھلے عام نشہ آور اشیاء کی فروخت جاری ہے جبکہ پولیس مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ منشیات فروشوں کی سرگرمیوں سے علاقہ مکین شدید پریشان ہیں اور متعدد بار شکایات کے باوجود مؤثر کارروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
شہر کراچی کی دو بڑی جامعات — جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی — کے اطراف میں منشیات کا کاروبار بے قابو ہو چکا ہے، جہاں کھلے عام نشہ آور اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق یونیورسٹیوں کے قریب خانہ بدوش خواتین اور دیگر افراد سرِعام منشیات فروخت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔
منشیات فروشوں کی موجودگی سے طلبہ، اساتذہ اور عام شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، جبکہ علاقے میں جرائم کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے حکومتِ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی کر کے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور تعلیمی اداروں کے ماحول کو محفوظ بنایا جائے۔