یونائیٹڈ بزنس گروپ نے قومی قیادت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم تقرریاں کر دیں۔ مرکزی کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے کے لیے بااختیار رہنماؤں کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ بزنس گروپ کی سینٹرل کور کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گروپ کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ملک بھر میں متعدد اہم قائدانہ تقرریوں کی منظوری متفقہ طور پر دی گئی۔
اجلاس کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی، مومن ملک کو یونائیٹڈ بزنس گروپ کا سینئر وائس چیئرمین مقرر کیا گیا جو قومی کاروباری برادری میں ان کے بڑھتے ہوئے قائدانہ کردار کا اعتراف ہے۔
بلوچستان میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی موجودگی کو وسعت دینے کے لیے حاجی غلام فاروق کو چیئرمین یو بی جی بلوچستان مقرر کیا گیا اور انہیں کورکمیٹی کا رکن بھی نامزد کیا گیا، جو صوبے میں گروپ کے اثر و رسوخ کو مزید مضبوط کرے گا۔
پنجاب میں عامر عطا باجوہ کو چیئرمین یو بی جی پنجاب جبکہ بختاور تنویر کو سینئر وائس چیئرمین یو بی جی پنجاب مقرر کیا گیا۔ ان تقرریوں سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی علاقائی سرگرمیوں کو نئی سمت اور قیادت میسر آئے گی۔
اجلاس کے بعد یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے تمام نو منتخب عہدیداروں کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کی اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ویژن اور لگن سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔