حمیرا اصغر کی موت کی وجوہات جاننے کی کوششیں، اداکارہ کے الیکٹرونکس گیجٹس کھول لیے گئے

0 minutes, 0 seconds Read

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کے معمہ کو حل کرنے کے لیے پولیس نے تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔ پولیس نے اداکارہ حمیرا اصغر کے الیکٹرونکس گیجٹس کھول لیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 3 موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ اور ایک لیپ ٹاپ کو کھولا گیا ہے۔ پولیس نے دو افراد کے بیانات قلمبند اور مزید دو افراد کو طلب کر لیا گیا۔

کراچی میں اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے معاملے میں پولیس نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مرحومہ کے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ اور ایک لیپ ٹاپ کو کھول کر ان سے ڈیٹا حاصل کرنا شروع کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام الیکٹرانک گیجٹس کے پاسورڈز ایک ڈائری میں تحریر شدہ حالت میں ملے، جس کی مدد سے آلات تک رسائی ممکن ہو سکی۔ ان گیجٹس سے اداکارہ کی روزمرہ سرگرمیوں، رابطوں اور پیغامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اب تک دو افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید دو افراد کو تفتیش کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اداکارہ کے چند افراد سے مسلسل رابطے رہے جن کی شناخت اور کردار کی جانچ جاری ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ کا جم ٹرینر اور بیوٹیشن بھی تحقیقات کا حصہ ہوں گے، کیونکہ وہ حمیرا کے معمولات سے بخوبی واقف تھے۔ پولیس نے ان دونوں افراد سے بھی معلومات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ سے فی الحال کوئی فیصلہ کن نتیجہ حاصل نہیں ہو سکا، جس کے باعث پولیس تکنیکی شواہد اور ذاتی رابطوں کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔ پولیس اداکارہ کے بینک اکاؤنٹس کی مکمل جانچ پڑتال بھی کرے گی تاکہ کسی مالی لین دین یا دباؤ کے پہلو کو نظرانداز نہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اب ان تمام کڑیوں کو جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اداکارہ کی موت کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔

Similar Posts