اجرک والی نمبر پلیٹ کیلئے گھر بیٹھے اپلائی کرنے کا آسان طریقہ

0 minutes, 8 seconds Read

کراچی میں ان دنوں ”اجرک ڈیزائن“ والی نئی نمبر پلیٹ کی رجسٹریشن کا معاملہ ہر گاڑی والے کے لیے اہم بن چکا ہے۔ ٹریفک پولیس نے ان گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے جن پر اب بھی پرانی یا غیر رجسٹرڈ نمبر پلیٹس لگی ہوئی ہیں۔ لوگ اب بڑی تعداد میں اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے نئی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

یہ نئی نمبر پلیٹ کیوں ضروری ہے؟

سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کے مطابق نئی نمبر پلیٹس سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے 2018 میں ”سیف سٹی پروجیکٹ“ شروع کیا جس کے تحت کراچی میں 12 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

وزیر کا کہنا ہے کہ جب تک گاڑیاں اصل مالک کے نام پر رجسٹر نہیں ہوں گی، شہر میں جرائم پر مؤثر طریقے سے قابو پانا ممکن نہیں۔

نئی نمبر پلیٹ کی خاص باتیں:

  • نمبر پلیٹ میں تھریڈڈ بیک گراؤنڈ، 3D ہولوگرام، اور بار کوڈ موجود ہوتا ہے۔
  • یہ نمبر پلیٹس سی سی ٹی وی کیمروں سے رات کے وقت بھی واضح طور پر پڑھنے کے قابل ہوتی ہیں۔
  • اوپن مارکیٹ سے بنوائی گئی پلیٹس میں یہ سیکیورٹی فیچرز موجود نہیں، اسی لیے وہ ناقابلِ قبول ہیں۔

رنگوں کی بنیاد پر نمبر پلیٹس کی اقسام:

  • سفید رنگ: پرائیویٹ گاڑیوں اور بائیکس کے لیے
  • زرد رنگ: کمرشل گاڑیوں کے لیے
  • سبز رنگ: سرکاری گاڑیوں کے لیے

فیس کتنی ہے؟

  • چار پہیوں والی گاڑیوں (پرائیویٹ/کمرشل/سرکاری) کے لیے: 2,450 روپے
  • موٹر سائیکل کے لیے: 1,850 روپے

آن لائن رجسٹریشن کا آسان طریقہ:

  1. یہ لنک کھولیں: https://taxportal.excise.gos.pk/home/quick_pay
  2. اپنی گاڑی کی قسم منتخب کریں: ”Two Wheeler“ یا ”Four Wheeler“
  3. اپنا موبائل نمبر اور گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کریں (یاد رہے: موٹر وہیکل ٹیکس مکمل ادا ہونا چاہیے)
  4. کیپچا کوڈ داخل کریں
  5. ”Vehicle Details“ پر کلک کریں
  6. قریبی ایکسائز برانچ منتخب کریں
  7. ”Calculate Amount“ پر کلک کریں
  8. ”Deliver challan to me via courier“ منتخب کریں
  9. اپنا نام، پتہ اور دیگر معلومات درج کریں
  10. PSID نمبر جنریٹ کریں (یہ 12 ہندسوں پر مشتمل ہوگا اور SMS کے ذریعے بھی موصول ہوگا)
  11. آپ یہ فیس بینک، ATM، ایزی پیسہ یا آن لائن بینکنگ کے ذریعے ادا کر سکتے ہیں

اگلا مرحلہ:

چالان جمع کرانے کے بعد ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے دفتر (کراچی میں Civic Centre) سے نئی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کے لیے ہدایات پر عمل کریں۔
عموماً نمبر پلیٹ تیار ہونے میں تقریباً تین ماہ لگتے ہیں۔ مکمل ہونے کے بعد آپ کو اطلاع دی جائے گی۔
نئی پلیٹ لیتے وقت پرانی پلیٹ واپس کرنا ضروری ہے۔

Similar Posts