بڑے بھائی نے جنازے میں شرکت کیوں نہیں کی؟ حمیرا کی بڑی بھابھی کے نئے اہم انکشافات

0 minutes, 0 seconds Read

معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کے انتقال کے بعد ان کی نجی زندگی سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ اداکارہ کی بڑی بھابھی نے دعویٰ کیا ہے کہ حمیرا اصغر کا اپنی فیملی سے طویل عرصے سے تعلق منقطع تھا، اور اس کی بنیادی وجہ ان کا شوبز انڈسٹری میں کام کرنا تھا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حمیرا کی بھابھی نے بتایا کہ مرحومہ کے خاندان کو ان کے کیریئر سے سخت اختلاف تھا اور یہ اختلاف ان کے قریبی رشتہ داروں، خصوصاً بڑے بھائی، کے ساتھ تعلقات میں دراڑ کی صورت اختیار کر گیا تھا۔

حمیرا کی بھابھی نے بتایا کہ ’خاندان کبھی نہیں چاہتا تھا کہ حمیرا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کرے۔ لیکن اس کے باوجود وہ میرے ساتھ رابطے میں رہتی تھیں۔ ہماری آخری بات اگست 2024 میں ہوئی تھی، اس کے بعد ان کا نمبر مسلسل بند آ رہا تھا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ آخری بار بات چیت کے دوران حمیرا جذباتی طور پر کچھ الگ تھلگ محسوس ہو رہی تھیں، لیکن انہوں نے کسی خاص پریشانی کا ذکر نہیں کیا۔

بھابھی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اداکارہ کے بڑے بھائی جو ان کے شوبز کیریئر کے سخت مخالف تھے، انہوں نے حمیرا کے جنازے میں شرکت تک نہیں کی۔

خاندان کی طرف سے بھی عمومی طور پر خاموشی اختیار کی گئی ہے اور صرف چند قریبی رشتہ دار ہی اس معاملے پر لب کشائی کر رہے ہیں۔

حمیرا اصغر کی موت کی وجوہات جاننے کی کوششیں، اداکارہ کے الیکٹرونکس گیجٹس کھول لیے گئے

حمیرا اصغر کی پر اسرار موت، پولیس کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل

خیال رہے کہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی فلیٹ سے لاش ملنے کے واقعے نے سنسنی پھیلا رکھی ہے، جبکہ پولیس نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

حمیرا اصغر کی لاش ان کے فلیٹ سے ملی تھی، جس کے بعد کلفٹن ڈویژن پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ کی ہدایت پر ایس پی کلفٹن کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

تحقیقاتی ٹیم میں ایس ڈی پی او ڈیفنس، اے ایس پی اور گزری تھانے کے ایس ایچ او کو شامل کیا گیا ہے، جب کہ سب انسپکٹر اور آئی ٹی برانچ سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل محمد عدیل بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق تحقیقاتی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر تفتیشی پیشرفت سے اعلیٰ افسران کو آگاہ کرے گی۔ ٹیم اس بات کا تعین کرے گی کہ اداکارہ کی موت طبعی تھی، حادثہ تھا، خودکشی یا پھر یہ قتل کا واقعہ ہے۔

اداکارہ کی موت کے محرکات اور حالات جاننے کے لیے شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فرانزک ٹیم کو بھی شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہو اور سچ سامنے آ سکے۔

Similar Posts