سندھ کے ضلع کشمور کے کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا آپریشن کیا، جس میں دو خطرناک ڈاکو ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت عبدالرزاق اور عبدالفتح چولیانی کے نام سے ہوئی ہے، جو بدنامِ زمانہ چولیانی گینگ سے تعلق رکھتے تھے۔
ایس ایس پی کشمور کے مطابق کارروائی کے دوران فورسز اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے جدید اسلحے کے ساتھ ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال کی، جس سے آپریشن کی نگرانی اور ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر قابو پانے میں مدد ملی۔
پولیس نے کچے کے علاقے کا مکمل محاصرہ کر لیا ہے جبکہ مزید نفری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ علاقے کو کلیئر کیا جا سکے۔ ایس ایس پی کشمور کا کہنا ہے کہ چولیانی گینگ کے خلاف جاری آپریشن جلد منطقی انجام تک پہنچے گا اور ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال مکمل بحال کی جائے گی۔
ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز علاقے میں مکمل طور پر الرٹ ہیں۔