فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، آرڈیننس جاری

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ایک نئی حیثیت دے دی گئی ہے اور اب یہ فورس فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی۔

صدر مملکت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کر دیا ہے، جس کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نئے آرڈیننس کے تحت ایف سی اب صرف مخصوص علاقوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اپنا کردار ادا کر سکے گی۔

آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کا آئی جی وفاقی حکومت تعینات کرے گی۔ ہر ڈویژن میں ایک ونگ کمانڈر تعینات کیا جائے گا، جس کا رینک ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے برابر ہو گا۔

آرڈیننس کے مطابق وفاقی حکومت ریزرو فورس بھی بھرتی کر سکے گی اور فورس سے متعلق نئے قواعد و ضوابط بھی جلد تشکیل دیے جائیں گے۔

فیڈرل کانسٹیبلری کے دائرہ اختیار میں توسیع سے نہ صرف بین الصوبائی کوآرڈینیشن مضبوط ہو گی بلکہ ملک گیر سطح پر انسداد دہشت گردی اور جرائم کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

Similar Posts