وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس نظام کو عوام کے لیے سہل اور شفاف بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعظم نے ٹیکس گوشواروں کو اردو زبان میں پیش کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور ہدایت کی کہ گوشوارے بھرنے میں عوام کی معاونت کے لیے فوری طور پر ہیلپ لائن قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات میں عام آدمی کی سہولت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم کو بھی اردو زبان میں متعارف کرانے کی ہدایت دی اور کہا کہ تمام اصلاحات میں شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے، آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مستفید ہوگا۔
انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو خصوصی سہولیات دینے کی ہدایت بھی کی اور زور دیا کہ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے نئے ٹیکس نظام سے متعلق معلومات وسیع پیمانے پر پھیلائی جائیں۔
اجلاس میں ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم اور کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ کے قیام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحات کا ہر مرحلہ بروقت مکمل کیا جائے تاکہ ٹیکس نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہو اور محصولات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔