چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا غریب سائلین کو مفت قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

سپریم کورٹ رجسٹری کوئٹہ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں بارز اور لاء کمیشن کے روابط پر غور کیا گیا۔ چیف جسٹس نے غریب سائلین کو مفت قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس کے تحت وکلاء کو ریاست کی جانب سے 50 ہزار روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰی آفریدی نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری برانچ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں بار ایسوسی ایشنز اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے درمیان تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں انصاف کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان اور بلوچستان ہائیکورٹ کے رجسٹرار، سپریم کورٹ بار، پاکستان بار اور بلوچستان بار کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں وفاقی و صوبائی محکموں، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حکام بھی شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملک کے ہر صوبے میں لاء کمیشن کے نمائندے تعینات کرنے کا اعلان کیا، جو ضلعی بارز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے کم ترقی یافتہ اضلاع میں عدالتی بنیادی ڈھانچے کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی سطح پر انصاف کے منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

چیف جسٹس نے غریب سائلین کو مفت قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا اعلان کیا جس کے تحت وکلاء کو ریاست کی جانب سے 50 ہزار روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق قانونی معاونت کا دائرہ کا سپریم کورٹ تک بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

چیف جسٹس نے بارز سے اہل وکلاء کے نام نامزد کرنے اور وکلاء کی تربیت کے لیے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے پروگرامز سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی جبکہ تربیتی کیلنڈر کو بارز میں وسیع پیمانے پر تقسیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

چیف جسٹس نے اعلان کیا کہ کراچی میں ہونے والے اگلے اجلاس میں بارز کے مسائل پر مزید مشاورت کی جائے گی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنے پہلے دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

قبل ازیں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی آج اپنے پہلے دورے پر کوئٹہ پہنچے تھے، دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری آمد پر ان کا استقبال کیا گیا تھا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 بینچ کوئٹہ رجسٹری میں مختلف نوعیت کے کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔

بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں جبکہ بینچ نمبر 2 جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل ہے۔

چیف جسٹس کے اس دورے کو عدالتی نظام کی بہتری اور بلوچستان میں زیر التواء مقدمات کی مؤثر سماعت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Similar Posts