پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی پارٹی میں اختلافات کی تردید کردی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے پی ٹی آئی میں اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اتحاد پر اطمینان ہے، پی ٹی آئی پارلیمینٹیرینز کا لاہور اجلاس خوش آئند ہے، سب کچھ جلد ٹھیک ہو جائے گا، لاہور میں اجلاس کو سراہتے ہیں، یہ خوش آئند بات ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام پارلیمینٹیرینز لاہور میں اکٹھے ہوئے، لاہور میں ہونے والا اجلاس پنجاب کے عوام کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ پنجاب کی پارٹی قیادت کو اجلاس میں نہ بلانے کی ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی، بتایا گیا تھا کہ یہ ارکان پارلیمان کا اجلاس ہے، پنجاب میں عوام کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں، یقین ہے سب کچھ جلد بہتر ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال کے دوران پنجاب میں عوام کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ سب کچھ جلد بہتر ہو جائے گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی ایز یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ پنجاب کی قیادت کو اجلاس میں نہ بلانے سے متعلق ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ یہ پارلیمینٹیرینز کا اجلاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب لاہور کے ایونٹ کو سراہتے ہیں اور پارٹی کے اتحاد پر مطمئن ہیں۔