پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ’بُلز‘ کی واپسی، 100 انڈیکس میں 1270 پوائنٹس کا اضافہ

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز مندی کے بعد بدھ کو ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی، اور کاروبار کے آغاز پر ہی کے ایس ای 100 انڈیکس 1,270 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 137,000 کی سطح عبور کرگیا۔

صبح 10 بجے تک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,271.44 پوائنٹس یا 0.94 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 37 ہزار 211.31 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

کاروباری سرگرمیوں میں سب سے زیادہ خریداری توانائی کے شعبے میں دیکھی گئی، جن میں آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، ریفائنری اور پاور جنریشن کے ادارے شامل ہیں۔ بڑے اسٹاکس جیسے اے آر ایل، ایم اے آر آئی، حبکو، پی او ایل، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی اور وافی سبز نشان میں ٹریڈ کرتے رہے۔

یاد رہے کہ منگل کے روز اسٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ رہا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کی غرض سے فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 562.67 پوائنٹس یا 0.41 فیصد کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 35 ہزار 940 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بدھ کو تیزی کی اس واپسی نے سرمایہ کاروں کو اعتماد بحال کرنے کا موقع فراہم کیا ہے اور تجزیہ کار اس رجحان کو توانائی اور بڑی کمپنیوں کے مثبت نتائج سے جوڑ رہے ہیں۔

Similar Posts