پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پراپرٹی ٹیکس ترمیمی بل 2025 منظور کر لیا، بل کے مطابق پراپرٹی ٹیکس چوری کی اطلاع دینے والے شہریوں کو انعام دیا جائے گا، خفیہ پراپرٹی ٹیکس چوری کی ایکسائز افسر کھوج لگائے گا تو اسے بھی کارگردگی بنیاد پر انعامی رقم ملے گی۔ حکومت پنجاب نے اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے بھی نئی وزارت تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس چوری کے تدارک کے لیے سخت قدم اٹھاتے ہوئے ”وسل بلوور“ اسکیم متعارف کرا دی ہے۔ اب چوری کی اطلاع دینے والے شہریوں اور ایکسائز افسران کو انعام دیا جائے گا، بشرطیکہ اطلاع کی بنیاد پر جرمانہ وصول ہو۔
پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پراپرٹی ٹیکس ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے تحت 1958 کے ایکٹ میں ترمیم شامل کی گئی ہے۔ بدعنوانی یا کرپشن کی اطلاع دینے والا شخص ”وسل بلوور“ کہلائے گا۔
حکومت پنجاب نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے بھی نئی وزارت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں ”دی پنجاب پرائس کنٹرول آف اسینشل کموڈیٹیز بل 2025“ پیش کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایک پرائس کنٹرول کونسل قائم کی جائے گی۔
اس کونسل کی سربراہی وزیراعلیٰ یا ان کے نامزد کردہ نمائندے کو سونپی جائے گی، جب کہ وزارت براہِ راست وزیراعلیٰ پنجاب اپنے پاس رکھیں گے۔