آواران میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں میجر ربنواز طارق شہید

0 minutes, 0 seconds Read

بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا، جس میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید ربنواز طارق شہید ہو گئے۔ شہید افسر نے جرأت مندی سے قیادت کرتے ہوئے مادرِ وطن پر جان قربان کی۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم ”فتنہ الہندوستان“ کے تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کی کمین گاہ کو نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید ربنواز طارق مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔

شہید افسر کا تعلق مظفرآباد سے ہے اور ان کی عمر 34 برس تھی۔ میجر ربنواز نے بہادری سے قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے۔ شہدا کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Similar Posts