قلات کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کے بعد بچ جانے والے قوال ندیم صابری کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔ ندیم صابری نے بتایا کہ نشانہ بننے والوں میں کراچی کے قوال بھی شامل تھے۔
قلات کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی مسافر بس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف قوال ندیم صابری اور ان کے ساتھی بھی سوار تھے، جو کوئٹہ ایک قوالی پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ حملے میں ان کے تین قوال ساتھی جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔
ندیم صابری نے ویڈویو بیان میں کہا کہ ہم سرکار کی نعتیں پڑھتے ہیں، کسی سے کوئی دشمنی نہیں، ہمیں کس بات کی سزا دی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ بس کوئٹہ سے صرف آدھ گھنٹے کی دوری پر تھی جب حملہ ہوا، تین بھائی شہید ہو گئے، کئی زخمی ہیں، ہمارا سارا سامان تباہ ہو گیا ہے۔
ندیم صابری نے غم اور دکھ بھرے لہجے میں کہا کہ ہم تو اپنے بچوں کے لیے روزی کما رہے تھے، ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، دہشتگردوں نے ہمیں کیوں نشانہ بنایا گیا؟