بیرسٹر گوہر نے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا رویہ امتیازی ہے، چیف جسٹس سے مطالبہ ہے پی ٹی آئی کے خلاف کیسسز پر ایکشن لیں۔ انھوں نے بانی پی ٹی آئی تک رسائی اورناروا سلوک بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جو تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل سمیت آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج کے اجلاس میں بانی تحریک انصاف کے ساتھ غیر انسانی اور امتیازی سلوک کی شدید مذمت کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ جمشید دستی اور عمر ایوب کے خلاف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ الیکشن کمیشن کے رویے کو جانب دار اور امتیازی قرار دیا گیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک 5 اگست کو نقطۂ عروج پر ہوگی اور ارکان پارلیمنٹ ہر جگہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر لبیک کہیں گے۔
انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پارٹی قائدین اور کارکنوں کے خلاف مقدمات میں منصفانہ اور غیر جانب دارانہ رویہ اپنایا جائے۔