ملک میں مون سون بارشوں سے اب تک کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟ این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ملک بھر میں اب تک 178 افراد جاں بحق اور 491 زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے 26 جون سے 17 جولائی تک مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث مجموعی طور پر اب تک 178 افراد جاں بحق اور 491 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 385 افراد زخمی اور 103 جاں بحق ہوئے، جن میں 50 بچے بھی شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 38 اموات اور 57 افراد زخمی ہوئے۔ سندھ میں 20 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 16 اموات اور 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں سے 54 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 22 بچے بھی شامل ہیں، 54 افراد پنجاب میں جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 227 زخمی ہوئے، زخمیوں کا تعلق بھی پنجاب سے ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 88 گھروں کو نقصان پہنچا، مجموعی طور پر اب تک 610 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 126 مویشی پانی میں بہہ گئے۔

Similar Posts