سینٹ انتخابات: پی ٹی آئی ممبران کا حکومت کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم

0 minutes, 0 seconds Read

سینٹ انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبران کا حکومت کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا، اگلی بیٹھک رات کو 9 بجے ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات کی واپسی کے معاملے پر مذاکرات کا پہلا دور ناکام ہوگیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اپنی بات پر ڈٹ گئے۔

فیصلہ پارلیمانی کمیٹی نے کردیا جبکہ پولیٹکل کمیٹی اپنے مؤقف پر قائم ہے، پولیٹیکل کمیٹی نے 5 ناراض امیدواروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

پولیٹکل کمیٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے سامنے تجویز رکھی گئی کہ جمعیت اور پیپلز پارٹی ایک ایک نشست سے دستبردار ہوجائیں پھر ہم کاغذات واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مؤقف دیا کہ چونکہ کل رات فیصلہ پارلیمانی پارٹی نے دیا، جس کی روشنی میں بعد ازاں اپوزیشن سے سینیٹ الیکشن پر مفاہمت کے تحت 6 اور 5 کے فارمولے کی منظوری دی گئی، اس لیے اب بات پارلیمانی پارٹی کے فیصلے سے ہی جڑی ہے۔

تاہم پولیٹکل کمیٹی کے ارکان بھی اپنے مؤقف پر قائم رہے اور انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بتایا کہ گزشتہ رات پولیٹیکل کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ 5 امیدوار اپنے کاغذات واپس نہیں لیں گے تاہم اگر اپوزیشن کے ساتھ ہونے والے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے جے یو آئی اور پیپلز پارٹی سے ایک ایک نشست واپس لی جائے تو اگے کے معاملات پر غور کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد مذکرات کا یہ دور ختم کر دیا گیا اور اگلی بیٹھک رات 9 بجے دوبارہ ہو گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں 5 ناراض امیدوار عرفان سلیم ، عائشہ بانو ، ارشاد حسین ، وقاص اورکزئی اور خرم ذیشان شامل تھے جبکہ پولیٹکل کمیٹی کی طرف سے شوکت بسرا، سلمان اکرم راجہ ،بیرسٹر گوہر، تیمور جھگڑا اور ارباب شیر علی موجود تھے۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب لٹک گیا

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب لٹک گیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباد نے آج نیوز سے گفتگو بتایا کہ ہم نے اچھی نیت سے حکومت کو پیشکش کی ہے تاکہ اتفاق رائے سے سینٹ کا انتخاب بھی ہوجائے اور صوبہ بدنامی سے بھی بچ جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں 5 چھ کا فارمولا طے ہوچکا، حکومتی امیدوار کاغذات واپس نہ لینا پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے، اگر حکومت اپنے وعدے کی پاسداری نہیں کرتی تو آجائیں الیکشن کرلیتے ہیں۔

Similar Posts