یومِ الحاق پاکستان: کشمیری قوم آج 19 جولائی کو تجدیدِ عہدِ وفا کے طور پر منا رہی ہے

0 minutes, 0 seconds Read

آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج 19 جولائی کو ”یوم الحاق پاکستان“ اس عہد کے ساتھ منا رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور پاکستان سے مکمل انضمام تک جدوجہد جاری رہے گی۔ 1947 میں اسی دن سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی، جو کشمیری عوام کے پاکستان سے فطری، نظریاتی اور جغرافیائی تعلق کی تاریخی بنیاد بنی۔

آزاد کشمیر بھر میں یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے ریلیاں، تقاریب اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں پاکستان سے وفاداری اور مقبوضہ وادی کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کے وجود سے 23 دن قبل ہی کشمیریوں نے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مسلم کانفرنس روزِ اول سے تحریکِ آزادی کشمیر کی محافظ ہے اور یہ رشتہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم الحاق کشمیر، جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اس تاریخی اجلاس کی یادگار ہے جس میں غیور کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی جبر کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ آزادی مزید توانا ہوا ہے، اور آج کشمیریوں کی تیسری نسل بھی حقِ خودارادیت کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم الحاق کو تاریخ کی روشن صبح قرار دیا اور کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ وقت، ظلم اور سازشوں کے باوجود نہ مٹ سکا۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جو ظلم ڈھائے ہیں، وہ تاریخ کا سیاہ باب ہیں، مگر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ آج کا دن کشمیری قوم کے پاکستان کے ساتھ وابستگی، محبت اور اعتماد کا دن ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلوائے۔

یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کشمیریوں نے دنیا کو یاد دلایا ہے کہ وہ آزادی کی جدو جہد میں تنہا نہیں بلکہ پاکستان کے عوام، ریاست اور قیادت ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Similar Posts