وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے جاری کھاتوں (کرنٹ اکاؤنٹ) میں 2.1 ارب ڈالر کے سالانہ سرپلس کو ملک کی معاشی تاریخ کا ایک ”تاریخی سنگِ میل“ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ 14 برس بعد پہلی بار پاکستان کو سالانہ بنیادوں پر کرنٹ اکاؤنٹ میں سرپلس حاصل ہوا ہے، جو کہ گزشتہ 22 برسوں کے بعد سب سے بڑا سرپلس ہے۔
وزیراعظم نے کہا: ”الحمدللہ! یہ کارنامہ ریکارڈ ترسیلات زر، برآمدات میں اضافے اور معیشت میں اصلاحات پر مسلسل توجہ کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے، جو نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ملک میں موجود معاشی ٹیم کے عزم و حوصلے کو بھی ظاہر کرتا ہے۔“
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی پر اقتصادی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور مؤثر حکمتِ عملی کے بغیر یہ ممکن نہ تھا۔

معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان کی معیشت میں یہ بہتری عالمی سطح پر بھی مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے، اور اگر یہ رفتار برقرار رہی تو آئندہ مالی سالوں میں مزید استحکام متوقع ہے۔