بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں ہندوستانی پراکسی، فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا، سیکورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی اسپانسر شدہ دہشت گردی کی لعنت کوختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
قبل ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر بلوچستان کے علاقے پہرود میں آپریشن کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے ، جن کے قبضے سے فتنۃ الہندوستان کا جھنڈا اور ہتھیار برآمد ہوئے۔
وزیراعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فتنتہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر داخلہ کا خراج تحسین
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی قلات میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، 9 کو گرفتار کرکے بڑی کامیابی حاصل کی، سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔