این ڈی ایم اے نے 25 جولائی تک مون سون بارشوں سے ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں سے ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، اس دوران دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالے اور بارہ نالے میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر اور بالائی پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق اس دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں بشمول راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان میں شدید بارشیں متوقع ہیں جبکہ خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نواب شاہ اور میرپورخاص میں بھی بارش کا امکان ہے، بارشوں کے باعث سندھ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال، سڑکوں، گلیوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔

ترجمان این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری اعلانات اور الرٹس سے آگاہ رہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔

پنجاب میں مون سون بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری

دوسری جانب پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، 25 جولائی تک مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون فیکٹ شیٹ جاری کردی، جس کے مطابق رواں سال پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث 135 شہری جاں بحق اور 479 زخمی ہوئے۔

بارشوں کے باعث 156 گھر متاثر ہوئے، زیادہ اموات کچے مکانات، خستہ عمارتوں اور چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں جبکہ آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور دریاؤں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے شہری جاں بحق ہوئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹوں میں پنجاب کے کسی شہر میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی تاہم مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل آج شام سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ دریائے سندھ میں تربیلا چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل ہیں۔

Similar Posts