ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کو بھی پشاور طلب کر لیا گیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں کو متحد رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور صوبے میں حکومت کی تبدیلی کے لیے جنید اکبر، اسد قیصر اور بابر سلیم سواتی کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم سے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور آئندہ 72 گھنٹوں میں وزیر اعلی کا انتخاب ہو جائے گا اور حالیہ صورت حال پر اپوزیشن کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بیرون ملک گئے ہوئے پی ٹی آئی اراکین صوبائی اسمبلی کو بھی فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے، بیرون ملک موجود اراکین صوبائی اسمبلی میں عارف احمد زئی، نذیر عباسی، تاج محمد ترند پاکستان پہنچ گئے ہیں، آصف محسود اور شیر علی آفریدی بھی بھی وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے بیرون ملک سے واپس آگئے ہیں۔